Home || Useful Links || Feedback || Contact Us
News Section
اسلامی جمعیت کراچی کی تربیت گاہ سے ناظم اعلیٰ سید عبدالرشید، سراج الحق و دیگر کا خطاب

 کراچی:   اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کے تحت جی سی ٹی میں منعقدہ تین روزہ سالانہ تربیت گاہ برائے کارکنان اختتام پذیر ہوگئی۔ اجتماع کے آخری روز ناظم اعلی اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان سید عبدالرشید، سابق سینیئر وزیر خیبر پختونخواہ سراج الحق، احباب جمعیت پاکستان کے ناظم ظفر جمال بلوچ، قیم جماعت اسلامی سندھ راشد نسیم اور ناظم اسلامی جمعیت طلبہ کراچی سمیع اللہ حسینی نے خطاب کیا۔ تربیت گاہ کے دیگر مقررین میں ڈاکٹر معراج الھدیٰ صدیقی، نصراللہ شجیع، مولانا عطاء اللہ اور فاروق نعمت شامل تھے۔ اس موقع پرکراچی کی جامعات، پروفیشنل، انٹر ڈگری و ٹیکنیکل کالجز اور حلقہ جات کے طلبہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔ سید عبدالرشید نے اپنے خطاب میں کہا کہ مغربی تہذیب نے مسلم نوجوانوں کو خاص طور پر اپنا ہدف بنایا ہوا ہے جبکہ اسلام اس دنیا میں غالب ہونے کےلئے آیا ہے اسلئے مغربی تہذیب اس کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی۔ انہوں نے کہا کہ امریکی اشارے پر مغربی ممالک مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑتے لہذا آپ کو چاہیے کہ مکمل بیداری اور یکسوئی کے ساتھ دعوت دین کا کام کریں۔ انھوں نے مزید کہا کہ آج ہمارے تعلیمی ادارے لارڈ میکالے کے نظریات کی آماجگاہ بنے ہوئے ہیں اسلئے ضرورت اس امر کی ہے کہ ہماری تعلیمی پالیسی کو صحیح اسلامی خطوط پر مرتب کیا جائے کیونکہ بے مقصد تعلیمی ادارے ملک میں کوئی تبدیلی نہیں لاسکتے۔ صرف بامقصد نظریات کے حامل تعلیمی اداروں کو بنانے سے پاکستان کواسلامی فلاحی ریاست بنایاجا سکتا ہے۔ سراج الحق نے شرکائے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت نے پاکستان کے معاشرتی نظام کو تبدیل کر نے میں اہم کردار اداکیا ہے۔ اسلامی جمعیت طلبہ حق کا قافلہ ہے جس نے معاشرے کے نوجوانوں کی ذہنی آبیاری کی ہے۔ اسکی تربیت گاہ انسان کو ایک طرف رب کی بندگی سکھاتی ہے اور دوسری طرف زندگی کے ہر موڑ پرآنے والی آزمائشوں سے نمٹنے کی صلاحیت پیدا کرتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے مدد لینا اس با ت کا ثبوت ہے کہ حکمران اپنی معاشی معاملات کوبہتر طور پر نہیں چلا سکتے اور مغرب بھی یہی چاہتا ہے کہ مسلم ممالک کوآئی ایم ایف اور ورلڈ بینک جیسے اداروں کا اسیر بنایا جائے تاکہ ان میں خود معاشی معاملات سنبھالنے کی صلاحیت نہ رہے اور وہ ہر وقت انکے محتاج رہیں۔ ظفر جمال بلوچ نے کہا کہ جمعیت تعلیمی اداروں کے اندردعوت الیٰ اللہ کا فریضہ انجام دے رہی ہے اور اس راستے کی جدوجہد میں آنے والی ہر رکاوٹ کا خندہ پیشانی سے سامنا کیا ہے لیکن اس راستے کی جدوجہد سے ہٹنے کے لئے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔ انھوںنے کہا کہ جمعیت کا مقصد اسلام کو اپنانا، اس کی تبلیغ کر نا اور اسلام کو پاکستان میں نافذ کر نے کی سعی کر نا ہے۔ آپ نوجوانوں سے پاکستا ن کے روشن مستقبل کی امیدیں وابستہ ہیں۔ پاکستان کا مستقبل اسلام ہو گا۔ اسلام کےلئے جدوجہد کامیابی کاراستہ ہے۔ راشد نسیم نے کہا کہ آج امت مسلمہ جس کرب اور مشکل کا شکار ہے اسکا حل صرف اور صرف قرآن و سنت سے لگاﺅ میں ہے۔ اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کے ناظم سمیع اللہ حسینی نے اختتامی خطاب میں کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ نے ہر دور مےں باطل قوتوں کا مقابلہ کیا ہے اور موجودہ نازک حالات میں بھی باطل قوتیں اسلام سے برسر پیکار ہیں اسلئے ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے۔

 Date : 2010-07-28

copyright © Islami Jamiat Talaba Pakistan