
|
مغربی ممالک اسلامی شعائرکے بارے میں تنگ نظری سے باز رہیں :: ناظم کراچی
|
کراچی: شام کے تعلیمی اداروں میں حجاب پر پابندی مغربی پالیسیوں کی اندھی تقلید ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ یورپ کے بعد مسلم ملک میںمغربی سوچ کے حامل حکمرانوں کی جانب سے حجاب پر پابندی امت مسلمہ کے مستقبل پرکاری ضرب ہے۔ ان خیالات کا اظہار ناظم اسلامی جمعیت طلبہ کراچی سمیع اللہ حسینی نے شام کے وزارت تعلیم کی جانب سے ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں حجاب پر پابندی کے فیصلے کیخلاف شدید ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نام نہاد آزادی کے علمبردار مغربی اور یورپی ممالک نے تنگ نظری کا مظاہرہ کرتے ہوئے حجاب پر پابندی عائد کی ہے جس کی واضح مثال گذشتہ روز فرانس میں حجاب پر پابندی کے قانون کی باقاعدہ منظوری ہے اسی طرح بیلجیئم اور اٹلی میں بھی برقعہ و حجاب کی تضحیک کی گئی ہے جو کہ انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی ہے۔ انھوں نے کہا کہ مغربی و یورپی ممالک کے بعد مسلم ممالک میں مغربی سوچ کے حامل قابض حکمران بھی انھی کے نقش قدم پر چل کر اسلامی شعائر کا مذاق اڑا رہے ہیں۔ شام کی جانب سے حجاب پر پابندی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ سمیع اللہ حسینی نے کہاکہ حجاب وبرقعہ اسلامی شعائر اور مسلم خواتین کے لباس کا حصہ ہے لیکن مغرب لباس اتارنے اور فحاشی و عریانی کی آزادی کی مکمل حمایت جبکہ مسلم خواتین کے حجاب کو قابل اعتراض اور انتہاپسندی کا لیبل لگاکر دنیا کو اس سے خوفزدہ کرتاہے جو کہ اس کی دوغلی پالیسی کا واضح ثبوت ہے۔ انھوں نے کہا کہ مسلم ممالک شام اور ترکی اسلامی نظام کو نافذ کرنے کے بجائے پردہ پر پابندی عائد کرکے امت مسلمہ کی تذلیل کرنے کی نا پاک جسارت کررہے ہیں لہذا حکومت شام اپنے اس فیصلے پر نظر ثانی کرتے ہوئے تعلیمی اداروں میں حجاب پر پابندی کو فی الفور ختم کرے۔ |
|
Date : 2010-07-28
|

|
|

copyright © Islami Jamiat Talaba Pakistan
|