Home || Useful Links || Feedback || Contact Us
News Section
جامعہ کراچی میں سمسٹر فیسوں میں سو فیصد اضافے پر اسلامی جمعیت طلبہ کا احتجاج

کراچی:   اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن اور جامعہ کراچی کے ناظم محمد تحسین نے ریگولر طلباء کی سمسٹرامتحانی فیسوں میں اضافہ کیخلاف اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی میں جامعہ کراچی کی امتحانی فیسوں میں صرف دس فیصد اضافہ کیا جاتا رہا ہے جبکہ اس سال یکمشت سو فیصد اضافہ کرکے انتظامیہ نے طلباء کے ساتھ نا انصافی کی ہے۔ انھوںنے کہا کہ ملک معاشی پسماندگی کا شکار ہے اور کمزور معاشی حالات کی وجہ سے طلباء پہلے ہی فیسیں ادا کرنے سے قاصر ہیں سونے پہ سہاگہ یہ کہ انتظامیہ کی جانب سے فیسوں میں سو فیصد مزید اضافہ طلباء کے حصول علم کے شوق پر منفی اثرات مرتب کرے گا اور تعلیم سے محرومی کا باعث بنے گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ جامعہ کراچی کے انتظامی اخراجات کا بوجھ طلباء پر ڈالنے کے بجائے انتظامیہ کو اپنے غیرضروری اخراجات سے گریز کرنا چاہئے تاکہ معاملات کو بہتر انداز میں چلایا جا سکے۔ انھوں نے کہا کہ طلباء خاطر خواہ فیسیں ادا کرنے کے باوجود انتظامیہ کی سرد مہری کے باعث بنیادی سہولیات سے محروم ہیں لہذا موجودہ آمدنی کے بہتر استعمال کے ذریعے طلباء کو مناسب سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انھوں نے جامعہ کراچی کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ انتظامی اخراجات کا بوجھ طلباء پر ڈالنے سے گریز کرتے ہوئے امتحانی فیسوںمیں اضافہ کا فیصلہ فی الفور واپس لیا جائے۔ واضح رہے کہ جامعہ کراچی کے ریگولر طلباء کی سمسٹرامتحانی فیسوں میں فی پرچہ فیس 100 روپے سے بڑھا کر 200 روپے جبکہ فیل اورامپروومنٹ دینے والے طلبہ و طالبات کی فی پرچہ فیس 200 روپے سے بڑھا کر 300 روپے کردی گئی۔

 Date : 2010-07-17

copyright © Islami Jamiat Talaba Pakistan