ناظم اعلیٰ کا پشاور میں افطار سے خطاب :: متاثرہ علاقوں کا دورہ
پشاور: اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ سید عبدالرشید نے کہا ہے کہ رمضان المبارک امت مسلمہ کے لئے اللہ رب العالمین کا ایسا تحفہ ہے جو ہمیں دنیا میں بھی کامیابی کا راستہ دکھاتا ہے اور آخرت میں بھی کامیابی حاصل کرنے اور اپنے رب کی رحمت و مغفرت حاصل کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ اس ما مبارک کی رحمتوں اور برکتوں سے پوری طرح فیضیاب ہونے کے لئے اپنے رب سے خصوصی تعلق استوار کرنا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیات آباد میں افطار پارٹی اور بعد ازاں تنظیمی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ میں جو افسوس ناک واقعہ رونما ہوا ہے اس نے مجموعی طور پر ہمارے معاشرے کی بے حسی کو پوری دنیا کے سامنے نمایاں کیا ہے۔ ہم سب اس واقعے پر شرمسار اور اللہ کے حضور معافی کے طلب گار ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ دونوں بھائیوں کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کرنے والے تمام عناصر کے خلاف سخت کاروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات نہ دھرائے جا سکیں۔ اس سے قبل ناظم اعلیٰ محترم نے پشاور اور چارسدہ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرین سیلاب میں امدادی اشیاء تقسیم کیں۔